ایڈیٹر فیصل ملک Urdu Times of Pakistan
12 فروری
|
![]() |
|
| سنجے دت کی یہ تیسری مرتبہ شادی ہوئي ہے |
آخرسنجے کی ہوئی مانیتا
بالی وڈ سٹار سنجے دت نے ہندو رسم و رواج کے مطابق مانیتا کے ساتھ شادی کے سات پھیرے لے لیے ہیں۔اس سے پہلے انہوں نے گوا میں اپنے چند دوستوں کی موجودگی میں مانیتا سے کورٹ میرج کی تھی۔
اس شادی سے ایک طرف اگر خوشی ہے تو دوسری طرف ہلکا سا رنج اس لیے کہ دت کے خاندان والوں نے مانیتا کو اپنایا نہیں ہے۔ ان کی بہن پریہ دت جو رکن پارلیمان بھی ہیں،اس شادی میں شریک ہی نہیں تھیں اور ان کا کہنا تھا کہ انہیں شادی کے لیے مدعو ہی نہیں کیا گیا تھا۔
سنجے کی یہ تیسری شادی ہے اس سے پہلے انہوں نے رچا شرما سے شادی کی تھی جس سے ان کی ایک بیٹی ہے جو امریکہ میں اپنے نانا نانی کے ساتھ رہتی ہیں۔
دوسری شادی ریہا پلئی سے ہوئی تھی ان سے طلاق کے بعد سنجو بابا نے یہ شادی کی ہے۔خیر اس جوڑے کو ہم دعائیں دیتے ہیں کہ اب ان کی اس شادی کو ان کے افراد خانہ اور بیٹی ترشلا بھی اپنا لے۔
کچھ تو ہے جس کی۔۔
سیف علی خان اور کرینہ کپور نے شادی کر لی۔۔۔۔نہیں ۔۔۔ہاں ارے بھئی یہ کھیل کب تک چلے گا؟ ایک اخبار نے ان کے نکاح اور انگوٹھی بدلنے کی بات کیا لکھی کہ مقامی ہی نہیں قومی ٹی وی چینلز نے بھی ہنگامہ شروع کر دیا۔
سب کہنے لگے سیف نے چپکے چپکے نکاح کر لیا۔دن چڑھتے آخر سیف کو کیمرے پر آ کر کہنا ہی پڑا کہ ’میں نے شادی نہیں کی ہے۔ابھی ہم دونوں اپنے کرئیر پر دھیان دے رہے ہیں۔شادی ہو گی تو دنیا کو بتا کر ہو گی۔‘
ویسے سیف ہم اس بات کو کیسے ہضم کر لیں۔ آپ نے تو امریتا سے شادی بھی اپنےگھر والوں سے چھپ کر کی تھی۔پھر ایک بات یہ بھی ہے کہ آپ دونوں کی انگلیوں میں بڑے بڑے ہیرے کے انگوٹھیاں؟ آخر کچھ تو ہے جس کی پردہ داری ہے۔
![]() |
|
| آج کل کرنیہ اور سیف کی دوستی کے تذکرے ہرجگہ ہیں |
کرینہ کے حسن سے متاثر اروبا آئی لینڈ والوں نے انہیں خصوصی دعوت دے کر اپنے یہاں مدعو کیا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ انہوں نے کرینہ کی فلم ’ کبھی خوشی کبھی غم‘ دیکھی تھی اور اس فلم میں وہ کرینہ سے بہت متاثر ہوئے۔آپ کو یاد ہے بالی وڈ کے پہلے شومین راجکپور کو روس کے لوگ دیوانگی کی حد تک چاہتے تھے۔ اب پوتی کی باری ہے۔
سلمان کا جنون
سلمان خان باندرہ میں اپنے گھر سے محبوب سٹوڈیو تک تو سائیکل پر سفر کرتے ہوئے اکثر دیکھے گئے لیکن اب اسے ان کا جنون ہی کہا جائے کہ انہوں نے نوے کلومیٹر کا راستہ سائیکل پر طے کیا۔
سلمان کے بہنوئی اتل اگنی ہوتری کی فلم ’ ہیلو‘ کی شوٹنگ کرجت کے علاقے میں ہونی تھی۔ سلمان موڈ میں تھے، سائیکل پر سوار ہوئے، گاڑیوں پر ان کے حفاظتی اہلکار پیچھے پیچھے چل رہے تھے راستے میں اپنے مداحوں کے ساتھ گفتگو بھی کرتے رہے۔اور پورے دن لگ گیےان کے کرجت پہنچنے میں۔
ویسے آپ کو ایک بات بتائیں جب جودھا اکبر کی شوٹنگ کرجت میں ہوتی تھی اس وقت رتیک وہ سفر روزانہ چارٹرڈ طیارہ میں کرتے تھے۔
اکشے کا لنچ
![]() |
|
| اکشے کمارمزاحیہ فلموں میں کامیاب رہے ہيں |
اکشے کمار کے لنچ سے سیف کو بہت غصہ آتا ہے۔ایسا نہیں ہے کہ سیف کو اس وقت بہت بھوک لگی ہو اور اکشے نے انہیں کھانے پر مدعو نہیں کیا ہو۔
اس بات سے تو ہم بھی متفق ہیں کہ ممبئی سے دور علی باغ سے کار میں سفر کر کے سیف فلم ریس کی میوزک لنچ میں پہنچ جاتے ہیں لیکن انہیں بتایا جاتا ہے کہ چونکہ فلم کے دوسرے اداکار اکشے لنچ کر رہے ہیں اس لیے وہ انتظار کریں۔
چھوٹے نواب بھلا کیسے برداشت کرتے۔وہ باہر نکل گئے لیکن ٹپس میوزک کمپنی کے مالک رمیش تورانی نے سیف کا غصہ کم کیا اور انہیں واپس پروگرام میں لانے میں آخر کامیاب ہو گئے۔
سیلینا کا غصہ
سیلینا جیٹلی کو بہت غصہ آیا اور بات تھی ہی ایسی۔کسی اخبار نے خبر شائع کر دی کہ سیلینا کے گھر فلم’ منی ہے تو ہنی‘ کی پارٹی کے بعد گووندہ ان کے گھر پر ہی رات میں رک گئے تھے۔
سیلینا بہت ہی برہم ہوئی۔انہوں نے صفائی دی کہ وہ اپنے والدین کے ساتھ رہتی ہیں۔ سیلینا کو ہمارا مشورہ ہے کہ وہ اپنی کھال کو مضبوط کرلیں اور ایسی خبروں پر دھیان دینا بند کر دیں ورنہ بلڈ پریشر بڑھ جائے گا۔
دلیپ کمار کی واپسی
![]() |
|
| دلیپ کمار اپنی اہلیہ سائرہ کے ہمراہ |
شہنشاہ جذبات کا خطاب حاصل کرنے والے بالی وڈ اداکار دلیپ کمار دس سال بعد فلموں میں واپسی کرنے والے ہیں۔
خبریں گشت کر رہی ہیں کہ فلموں کے دوسرے شومین سبھاش گھئی ایک بار پھر دلیپ کمار کو پردہ سیمیں پر لانے کی تیاریوں میں مصروف ہو گئے ہیں۔
فلم کی کہانی میں ایک گھر کی تین پیڑھیوں پر مشتمل ہے۔فلم میں دلیپ کمار کے ساتھ ہیما مالنی اور ونود کھنہ بھی ہیں۔ہم بڑی شدت سے ایک بار پھر شہنشاہ کو دیکھنے کے متمنی ہیں۔
گووندہ کا وزن
فلم پارٹنر کے سیکوئیل بنانے کی تیاریاں زوروں پر ہے۔اس فلم میں سلمان خان اور گوندہ کی جوڑی نے پردے پر دھمال کر دیا تھا۔لیکن ہدایت کار ڈیوڈ دھون نے گووندہ کو الٹی میٹم دے دیا ہے کہ وہ کم سے کم نو کلو وزن کم کر لیں۔
گووندہ نے اب تک صرف دو کلو وزن ہی کم کیا ہے۔ویسے گوندہ کو ہمارا مشورہ ہے کہ وہ صرف اپنے سیاسی حلقے میں روز ایک چکر لگائیں تو ویسے بھی ان کا وزن کم ہو جائے گا۔
سلمان اور شاہ رخ
![]() |
|
| شاہ رخ خان بالی وڈ کے سپر سٹار ہیں |
سلمان خان کے بھائی سہیل ہالی وڈ فلم جیری میگوائر کی نقل بنانے کی تیاریوں میں ہیں۔اس کے لیے سلمان چاہتے ہیں کہ شاہ رخ ان کے ساتھ کام کریں۔
ویسے شاہ رخ نے ابھی حامی نہیں بھری ہے لیکن اگر وہ ہاں کہتے ہیں تو کرن ارجن کے بعد یہ جوڑی ایک بار پھر پردے پر اپنا جادو جگائے گی۔
لیکن ایک سوال سہیل اور سلمان سے ہے کہ کیا شاہ رخ سلمان کے مقابلے کم اہمیت والا رول کریں گے بھی؟ کیونکہ جہاں تک ہم جانتے ہیں فلم میں سپورٹس ایجنٹ کا کردار اہم کردار ہے اور وہ کردار پہلے سے سلمان نبھانے والے ہیں۔تو پھر۔۔
وویک کی مسکراہٹ
وویک آج کل مسکرا رہے ہیں۔نہیں انہیں کوئی گرل فرینڈ نہیں مل گئی ہے بلکہ سابقہ گرل فرینڈ کے شوہر ابھیشیک بچن نے آخر کار انہیں معاف کردیا۔
ابھیشیک نے وویک کے ساتھ فلم مشن استنبول میں ایک آئٹم گیت پر رقص کیا ہے اور دیکھنے والوں کا کہنا ہے کہ وویک محض اسی بات سے بہت خوش ہیں۔ بیچارے وویک ۔۔۔۔
30 جنوری
|
![]() |
|
| لارا دتا بالی وڈ کی ایک مقبول اداکارہ ہیں |
بلیو فلم
لارا دتہ، اکشے کمار، سنجے دت اور پرینکا چوپڑہ اب بلیو فلم میں کام کریں گے۔۔۔ہمیں پتہ تھا آپ کچھ غلط ہی سوچ رہے ہوں گے۔اپنے خیالی گھوڑے دوڑانے سے پہلے پوری خبر تو پڑھ لیجئے۔ارے بھئی فلم کا نام ہے ’بلیو فلم‘ ہے اور اسے اشٹ ونائیک پروڈکشن کمپنی بنا رہی ہے۔ہمیں پتہ چلا ہے کہ یہ فلم اب تک کی سب سے مہنگی فلم ہو سکتی ہے کیونکہ اس کا بجٹ شاید سو کروڑ روپے تک ہو۔۔۔
مونیکا بیدی کے خالی ہاتھ
ہمیں پتہ ہے کہ آپ مونیکا بیدی کو ان کی فلموں سے زیادہ عدالت کے کیسوں کی وجہ سے پہچانتے ہیں۔خیر عدالت سے بری ہونے کے بعد مونیکا ممبئی پہنچ گئی ہیں۔ اپنا فلمی کیرئر دوبارہ شروع کرنے کے لیے، لیکن ہائے افسوس کسی بھی فلمساز نے انہیں گھاس ہی نہیں ڈالی۔انہیں منع کر دیا لیکن بہت پیار سے (انہیں اپنی جان گنوانی ہے کیا؟)۔ اطلاع ہے کہ مونیکا بے بی رام گوپال ورما کے پاس بھی گئیں۔
![]() |
|
رامو کے ساتھ ایک گھنٹہ تک میٹنگ بھی ہوئی اور توقع ہے کہ شاید رامو ہمت کریں اور انہیں فلم میں کام دے بھی دیں لیکن اس کے لیے انہیں چند ماہ۔۔۔ نہیں ایک سال یا دو سال بھی رکنا پڑے۔۔۔آپ کو نہیں لگتا انکار کرنے کا یہ سب سے اچھا طریقہ ہے۔
ہاٹ کرینہ
کرینہ ہمیشہ سے ہی ہاٹ ہیں۔ آپ پوچھیں گے اس میں نئی بات کیا ہے؟ بتاتے ہیں بھئی۔۔۔۔۔گرم خبریں ہیں کہ یش راج فلمز میں کرینہ نے بکنی پہنی ہے۔وہ سوئمنگ پول سے نہاتے ہوئے باہر نکلتی ہیں۔پتہ نہیں کتنے جوانوں کے دل ابھی اس خبر کو پڑھتے ہی دھڑکنا شروع ہو گئے ہوں گے خیر اس ایک شاٹ کے لیے انہوں نے اپنا وزن کم کیا اور نتیجہ۔۔ آپ خود ہی دیکھ لیجئے گا۔۔۔۔
گووندہ کے نخرے
![]() |
|
| گوندہ نے حال ہی میں ایک شخص کو طمانچہ مار دیا تھا |
گووندہ کے طمانچوں کی گونج ابھی کم بھی نہیں ہوئی تھی کہ انہوں نے سیٹ پر ایک اور سین رچا۔ فلم ’ رن بھولا رن ‘ کامیڈی فلم کا نام بدلنے کے لیے انہوں نے فلمساز پر دباؤ ڈالا۔ انہوں نے بتایا کہ اعداد کے ماہر ان کے پنڈت نے کہا ہے کہ یہ نام فلم کی ناکامی کی وجہ بن سکتا ہے اس لیے فلم کا نام بدل کر ’ لکی ٹو ‘ رکھا جائے۔۔۔۔ بہت دیر تک بحث ہوئی اور بیچارے فلمساز کو ان کی یہ بات ماننی پڑی۔ ہم بتائیں اس کی اصل وجہ؟ دراصل فلم میں گووندہ کے ساتھ تشار کپور بھی ہیں اور فلم میں تشار کا نام بھولا ہے۔یعنی فلم کا اہم کردار بھولا ہی ہوا ناں تو پھر اب یہ بات گووندہ کیسے برداشت کرتے؟
رنبیر۔دیپکا سرد جنگ شروع
![]() |
|
| دیپکا نئی اداکاراؤں میں سب سے مقبول اداکارہ ہیں |
کبھی گہرے دوست رہ چکے رنبیر کپور اور دیپکا میں سرد جنگ شروع ہو چکی ہے۔ دونوں یش راج کی فلمز کی شوٹنگ کے لیے اس وقت آسٹریلیا میں ہیں۔رنبیر آج کل سونم اور دیپکا کا نام یوراج سنگھ کے ساتھ لیا جارہا ہے۔ نہیں اس بات پر دونوں خفا نہیں ہیں بلکہ فلم کی شوٹنگ کے آغاز میں دونوں کے درمیان دوستی بھی تھی لیکن رنبیر کو اس وقت غصہ آیا جب انہیں پتہ چلا کہ دیپکا ان کے پیچھے پرانی باتوں کو سنا کر ان کا مذاق اڑاتی ہیں۔ بس کیا تھا رنبیر کو غصہ آیا اور اب دونوں ایک دوسرے کو ہائے ہیلو بھی نہیں کہتے۔ہمیں یقین ہے کہ یہ فلم ہٹ ضرور ہو گی جی ہاں شاہد اور کرینہ کی جب وی میٹ اسی وقت کامیاب ہوئی جب دونوں کے درمیان تعلقات ختم ہو چکے تھے۔۔۔۔عجب فنڈا ہے بھئی۔
ارجن رام پال کی سترہ بیٹیاں
ارجن رام پال کی سترہ بیٹیاں ہیں اور وہ ان سب کا بہت اچھے طریقے سے خیال بھی رکھتے ہیں۔گھبرانے کی بات نہیں ہے۔ارجن کی اپنی دو بیٹیاں ہیں لیکن ایک سماجی تنظیم سے انہوں نے پندرہ بیٹیوں کو گود لیا ہے۔وہ ان کی تعلیم اور پرورش کے پورے اخراجات اٹھاتے ہیں۔ امیتابھ کے دو بیٹیاں گود لینے کی خبر شہ سرخیاں بنی تو ارجن کی کیوں نہیں؟ اس نیک کام میں ہم ان کے ساتھ ہیں۔
کریزی شاہ رخ
![]() |
|
| شاہ رخ فرانسیسی اعزاز وصول کرتے ہوئے |
شاہ رخ۔۔۔شاہ رخ آج کل یہ نام بالی وڈ حلقے ہی نہیں بلکہ دنیا کے بیشتر ممالک پر چھایا ہوا ہے۔اتوار کی شب انہیں ممبئی کے ایک فائیو سٹار ہوٹل میں فرانسیسی اعزاز سے نوازا گیا۔ ان کی کتاب ’کنگ آف بالی وڈ ‘ کا اب جرمن زبان میں ترجمہ کیا جا رہا ہے۔ ان کی کمپنی ریڈ چلی نے کرکٹ کمپنی خریدی ہے۔ کمپنی فلمیں بنا رہی ہیں وغیر وغیرہ ۔۔۔ اب ایسے میں اگر فلم ’ کریزی فار‘ میں ایک آئٹم رقص کے لیے انہوں نے چار مختلف لباس پہننے کا مطالبہ کر لیا تو کیا برا کیا؟ شاہ رخ راکیش روشن کی آنے والی فلم میں ایک آئٹم رقص کر رہے ہیں اور جب ان کے چار لباس کا مطالبہ نہیں مانا گیا تو انہوں نے اس کے لیے اپنی جیب سے رقم لگانے کی بات کہہ دی۔۔۔۔واقعی شاہ رخ کریزی ہی ہیں۔۔۔۔۔۔
ایشوریہ کی قیمت
ایشوریہ رائے بچن کی قیمت ( فلمی قیمت ) اس وقت سب سے زیادہ ہو جائے گی۔ اطلاعات کے مطابق انہوں نے جنوبی ہند کے سپر سٹار رجنی کانت کے سامنے فلم ’روبوٹ‘ سائن کی ہے لیکن ان کی قیمت اب تک کی بالی وڈ ہیروئین سے زیادہ ہوگی۔اسے خود ایشوریہ نے قبول بھی کیا ہے لیکن کتنی یہ ابھی پتہ نہیں۔
عامر اسسٹنٹ ڈائرکٹر؟
عامر خان اور ان کی بیوی کرن راؤ نے ہدایت کار راکیش اوم پرکاش مہرہ کی مدد کرنے کے لیے انہیں ان کی فلم ’دلی سکس‘ میں معاون ہدایت کار بن کر ساتھ دینے کا وعدہ کر لیا۔ بیچارے مہرہ کے معاون ہدایت کار کی طبیعت بگڑ گئی اور ایسے موقع پر عامر نے انہیں بڑے نقصان سے بچانے کا فیصلہ کر لیا۔
![]() |
|
| شاہد اور کرینہ کپور حال تک ایک اچھے دوست شمار کیے جاتے تھے |
پیار کی چنگاری
کرینہ اور شاہد کے درمیان کیا پیار کی چنگاری ابھی بھی کہیں دبی ہوئی ہے؟ یہ تو شاید وہ دونوں ہی اچھی طرح بتا سکیں لیکن عینی شاہدین نے دیکھا کہ سٹار ڈسٹ ایوارڈ نائٹ میں دونوں کی میز ایک دوسرے سے کچھ دور تھی۔ کرینہ بار بار شاہد کی طرف دیکھ رہی تھیں۔پردے کے پیچھے دونوں ایک دوسرے سے مسکرا کر ملے۔ہاتھ ملایا اور چند منٹ بات بھی کی۔۔۔اب اسے آپ کیا کہیں گے ہمیں نہیں پتہ!
29 جنوری
بالی وڈ میں بچوں کے لیے فلمیں بہت کم بنتی ہیں اور جو بن چکی ہیں وہ زیادہ تر تفریحی رہی ہیں۔ بچوں کو درپیش مسائل کو اجاگر کرنے جیسی کوئی فلم بنانے کی کسی بھی فلمساز نے ہمت ہی نہیں کی۔
پہلی مرتبہ بالی وڈ سٹار عامر خان ایک ایسی فلم لے کر ناظرین کے سامنے آ رہے ہیں جسے آپ بچوں کی فلم تو کہہ سکتے ہیں لیکن صحیح معنوں میں یہ فلم بڑوں کے لیے ہے جو انہیں ان کے بچوں کے مسائل کو بخوبی سمجھنے میں مدد کرے گی۔
فلم ’تارے زمین پر‘ اداکار عامر خان کی بہ حیثیت ہدایت کار پہلی فلم ہے۔ بی بی سی سے ایک خصوصی ملاقات میں عامر خان نے بتایا کہ فلم بنانے کا فیصلہ انہوں نے کیوں کیا اور پھر اس فلم کے ذریعے وہ والدین کو کیا پیغام دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔
عامر کہتے ہیں کہ انہیں اس فلم کا سکرپٹ بہت پسند آیا تھی۔تین سال قبل امول گپتے ان کے پاس اس فلم کی کہانی لے کر آئے تھے اور انہیں یہ کہانی بہت پسند آئی تھی، اس لیے اسی وقت انہوں نے اس فلم کو بنانے کا فیصلہ کر لیا تھا۔
عامر کے لیے مشہور ہے کہ وہ بہت کم فلمیں کرتے ہیں اور جو بھی کرتے ہیں وہ ہمیشہ منفرد سکرپٹ پر مبنی ہوتی ہیں۔عام روش اور موضوع سے ہٹ کر اس کہانی کو منتخب کرنے پر عامر کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ سے انفرادیت کے حامی رہے ہیں۔
ان کی فلم ’لگان‘ ایک ایسے وقت میں آئی جب کھیل پر کوئی بھی فلم نہیں بناتا تھا۔اس کے بعد فلم’منگل پانڈے ‘ ایک تاریخی فلم تھی اس کے بعد انہوں نے فلم’ فنا‘ میں کام کیا جس میں کشمیریوں کے مسائل کو خوبصورتی کے ساتھ اجاگر کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔اس کے بعد’ رنگ دے بسنتی‘ یہ سب فلمیں عام روش سے الگ تھیں۔
فلم کا نام ’تارے زمین پر‘ کس نے دیا اس کے بارے میں عامر کا کہنا تھا کہ انہیں اچھی طرح یاد نہیں لیکن شاید امول گپتے اور سلمان خان نے یہ نام رکھنے کا مشورہ دیا تھا۔
عامر اپنی آنے والی فلم میں تین رول ادا کر رہے ہیں۔ وہ اس فلم کے فلمساز بھی ہیں اور ہیرو بھی۔ اور سب سے بڑی بات یہ ہے کہ وہ اس فلم کی ہدایت بھی دے رہے ہیں۔
عامر کے مطابق انہوں نے فیصلہ کیا تھا کہ وہ جس فلم میں کام کریں گے اس کی ہدایت نہیں دیں گے کیونکہ وہ ایک وقت میں ایک ہی کام کرنا چاہتے تھے لیکن حالات ایسے ہوئے کہ انہیں دونوں کام کرنے پڑے
عامر کے مطابق فلم کے آغاز میں ہی ان کے اور گپتے کے درمیان تخلیقی اختلاف پیدا ہو گیا تھا اس لیے انہوں نے کام رکوا دیا تھا۔ پوری رات وہ سوچتے رہے اور بعد میں انہوں نے فلم کو خود ڈائریکٹ کرنے کا فیصلہ کیا۔
عامر کے مطابق دوسروں کو ہدایت دینا آسان ہوتا ہے لیکن خود کو ڈائریکٹ کرنا بہت ہی مشکل۔شاید اسی لیے عامر فلم میں انٹرول سے صرف کچھ دیر پہلے ہی نظر آتے ہیں۔
فلم کی کہانی ان بچوں کے مشکل حالات کی عکاسی کرتی ہے جو کسی بھی بات کو جلد یاد نہیں کر پاتے یا ان کا ذہن اسے بہت جلد قبول نہیں کر پاتا ہے۔ایسے بچے اکثر پڑھائی میں کمزور کہلاتے ہیں اور پھر ایسے حالات میں ان کے ٹیچر اور والدین سے انہیں پھٹکار ملتی ہے۔
فلم میں عامر نے یہ بتانے کی کوشش کی ہے کہ اس مشکل حالات سے دنیا کے کئی بڑے نامور انسان گزر چکے ہیں۔عامر کہتے ہیں کہ ان کی یہ فلم ان والدین اور اساتذہ کے نظریات کو بدل کر رکھ دے گی جو بچوں کو مار پیٹ کے ذریعے تعلیم دینا چاہتے ہیں۔
فلم کی شوٹنگ مہاراشٹر کے پہاڑی علاقہ پنچگنی کے نیو ایرا سکول میں ہوئی ہے۔عامر کے لیے بچوں کے ساتھ شوٹنگ کرنا کتنا مشکل یا کتنا آسان تھا؟ عامر کہتے ہیں کہ ان کے ساتھ شوٹنگ میں مزہ آیا۔
عامر کے مطابق ہر انسان میں ایک بچہ ہمیشہ موجود رہتا ہے اور یہ انہوں نے فلم ڈائریکٹ کرتے وقت محسوس بھی کیا۔لیکن سیٹ پر ان کی بیوی کرن راؤ بچوں میں ڈسپلن برقرار رکھنے کے لیے موجود رہتی تھیں۔اس فلم میں آٹھ سے دس سال کے بچے ہیں اور زیادہ تر بچے اُسی سکول کے ہیں جہاں شوٹنگ ہوئی ہے۔
عامر نے فلم ’یادوں کی بارات‘ میں چھوٹا سا رول کیا تھا۔عامر کی نظر میں اس فلم کا آٹھ سالہ بچہ درشیل سفاری بہتر اداکار ہے اس میں اداکاری کی خوبیاں بھری ہوئی ہیں۔
فلم میں عامر نے کئی نئی تیکنیک کا سہارا لیا ہے۔ اس میں کلیمیشن تیکنیک کا استعمال کیا گیا ہے۔یعنی کوئی بھی شبیہہ مٹی سے بنائی جاتی ہے پھر اینیمیشن کیا جاتا ہے۔عامر چاہتے تھے کہ بچوں کی اس فلم میں کوئی نیا تجربہ کیا جائے جس سے بچے اسے دیکھتے ہوئے انجوائے کریں۔
فلم کا ہیرو آٹھ سالہ بچہ درشیل سفاری ہے فلم میں اس کا نام ایشان ہے۔یہ بچہ پڑھائی میں کمزور ہے لیکن اسے ڈرائنگ اور مصوری میں دلچسپی ہے اور عامر اپنی فلم میں ایک ایسے استاد کو کردار کر رہے ہیں جو بچوں کا ساتھی بن کر انہیں تعلیم دینے پر یقین رکھتا ہے۔
فلم’تارے زمین پر‘ اکیس دسمبر کو نمائش کے لیے پیش ہو گی اور اس کے ساتھ ہی انیس بزمی کی کامیڈی ملٹی سٹار فلم ’ویلکم‘ بھی ریلیز ہو رہی ہے۔
عامر کہتے ہیں کہ دونوں فلموں کا موضوع الگ ہے اس لیے مقابلے کی بات ہی نہیں ہے البتہ عامر اس وقت بہت فکرمند ہیں اور اسی لیے انہوں نے سگریٹ پینا بھی شروع کر دیا ہے۔ عامر کے مطابق سگریٹ سے ٹینشن سے کچھ راحت مل جاتی ہے لیکن اکتیس دسمبر سے وہ سگریٹ پینا چھوڑ دیں گے۔
عامر اس فلم کے بعد فلم ’گجنی‘ پر کام کر رہے ہیں۔ جنوبی ہند کی اس فلم کا ری میک بنایا جا رہا ہے اس میں عامر ایک الگ روپ میں نظر آئیں گے۔ سال میں صرف ایک فلم کرنے پر عامر کہتے ہیں کہ حالانکہ انہوں نے وعدہ کیا تھا کہ وہ ہر چھ ماہ میں ایک فلم دیں گے لیکن ایسا نہیں ہو سکا۔ اس فلم کو بنانے میں انہیں کافی وقت لگ گیا۔گجنی کے علاوہ عامر کی پروڈکشن کمپنی فلم’جانے تو یا جانے نا‘ بنائے گی جس میں وہ اپنی بہن کے بیٹے عمران کو لانچ کر رہے ہیں