ایڈیٹر فیصل ملک Urdu Times of Pakistan
1 فروری
![]() |
|
| برٹنی دماغی مسائل کا علاج کروا رہی ہیں:باربرا والٹرز |
لاس اینجلس پولیس کا کہنا ہے کہ امریکی پاپ گلوکارہ برٹنی سپیئرز کو ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے ایک پولیس افسر کے حوالے سے بتایا ہے کہ گلوکارہ کو’مدد‘ کے لیے ہسپتال لے جایا گیا ہے تاہم یہ واضح نہیں کہ انہیں کس شعبے میں داخل کیا گیا ہے۔
یو سی ایل اے میڈیکل سنٹر کے حکام نے اس بات کی تصدیق کرنے سے انکار کیا ہے کہ وہاں برٹنی کو لایا گیا ہے۔ اسی ماہ کے اوائل میں بھی چھبیس سالہ برٹنی سپیئرز کو ہسپتال میں اس وقت داخل کیا گیا تھا جب انہوں نے اپنے بچوں کو والد کے پاس بھیجنے سے انکار کر دیا تھا۔
تاہم اس وقت برٹنی کو سدار سنائی میڈیکل سنٹر سے ڈیڑھ دن بعد ہی گھر بھیج دیا گیا تھا اور ان کے علاج کی تفصیلات عام نہیں کی گئی تھیں۔
رواں ہفتے میں ہی امریکی ٹی وی میزبان باربرا والٹرز نے کہا تھا کہ برٹنی’دماغی مسائل‘ کا علاج کروا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں برٹنی کے منیجر سام لطفی نے بتایا ہے کہ گلوکارہ ایسے نفسیاتی مسائل کا شکار ہے جو کہ قابلِ علاج ہیں۔
بشکریہ: بی بی سی اردو