ایڈیٹر فیصل ملک Urdu Times of Pakistan
7 فروری
![]() |
|
| توقع ہے کہ مرمت کا کام ایک ہفتے تک مکمل کر لیا جائے گا |
بحیرۂ روم میں انٹرنیٹ کی ان تاروں کی خرابی دور کرنے کے لیے کام شروع ہوگیا ہے جو گزشتہ ہفتے کٹ گئیں تھیں اور جس کی وجہ سے کئی ممالک میں انٹرنیٹ رابطوں میں خلل پڑ گیا تھا۔
فلیگ ٹیلی کام نے جو انٹرنیٹ تاروں کی دیکھ بھال کی ذمہ دار ہے کہا ہے کہ مرمت کے کام میں ایک ہفتہ لگ سکتا ہے۔
تاریں ٹوٹنے سے مشرقِ وسطی اور انڈیا میں نیٹ سروسز تعطل کا شکار ہوئی ہیں لیکن تا حال یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ آخر تاروں میں خرابی کیسے ہوئی۔
فلیگ ٹیلی کام کے مطابق مرمت کے کام میں پچاس افراد کی ایک ٹیم شامل ہے جس میں کیبل انجینئر اور ماہرین شامل ہیں۔
وہ جہاز جس سے پہلی تار کی مرمت کی جائے گی مقامِ معین تک پہنچ چکا ہے اور مرمت کا کام شروع کر دیا گیا ہے جبکہ دوسرے جہاز سے مرمت کے کام کا آغاز اگلے منگل سے ہو جائے گا۔
فلیگ ٹیلی کام کے ایک ترجمان نے بی بی سی کو بتایا کہ یہ انتہائی ٹیکنیکل نوعیت کا کام ہوگا جس کی تکمیل میں ایک ہفتہ لگ سکتا ہے۔
ادھر مصر میں وزارتِ مواصلات نے ان خبروں کی تردید کی ہے کہ نیٹ کیبل میں خرابی اس لیے ہوئی کہ ایک مصری جہاز کے لنگر نے تاروں کو توڑ دیا۔مصری وزارت کا کہنا ہے کہ جب خرابی ہوئی اس وقت اس کا کوئی بحری جہاز علاقے میں موجود ہی نہیں تھا۔
اس وقت مصر میں ستر فیصد جبکہ بھارت میں ساٹھ فیصد تک نیٹ ورک متاثر ہیں۔ متحدہ عرب امارات، کویت اور سعودی عرب میں بھی نیٹ سروسز میں خلل پڑا ہے۔
دسمبر دو ہزار چھ میں زلزلے کے باعث آٹھ میں سے سات کیبلز خراب ہونے سے ایشیا میں نیٹ سروسز بری طرح متاثر ہوئی تھیں اور ان کی خرابی دور کرنے میں ایک ماہ کا عرصہ لگا تھا۔
بشکریہ: بی بی سی اردو
Leave a reply
You must be logged in to post a comment.