اطلاعات کے مطابق سرچ انجن یاہُو نے مائیکروسافٹ کی جانب سے یاہوُ کو خریدنے کی غیر رسمی پیشکش کو مسترد کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

کئی خبررساں اداروں اور اخبارات کا کہنا ہے کہ یاہوُ کے بورڈ کے ارکان پیرگیارہ فروری کے اجلاس میں مائیکروسافٹ کی چوالیس اعشاریہ چھ ارب ڈالر کی بولی کو ناکافی قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیں گے۔

واضح رہے کہ جب مائیکروسافٹ نے یہ بولی دی تھی تو اس وقت مائیکروسٹ کے اپنے شیئر کی قیمت اکتیس ڈالر تھی جو کہ یاہُو کے شیئر کی قیمت سے باسٹھ فیصد زیادہ تھی، لیکن گزشتہ جمہ کو جب کاروبار بند ہوا تو یاہوُ کے حصص کی قیمت 28 اعشاریہ 75 ڈالر تھی۔ اس نئی قیمت کے پیش نظر مبصرین کا کہنا ہے اب یاہُومائیکروسافٹ کی مجوزہ بولی کو قبول نہیں کرے گا۔

اخبار وال سٹریٹ جرنل نے ذرائع کے حوالے سے لکھا ہے کہ اس بات کا امکان کم ہی ہے کہ یاہُو کا بورڈ چالیس ڈالر فی شیئر سے کم کی قیمت کو قبول کرے گا۔

مائیکروسافٹ کا خدشہ

 بولی دینے کے بعد سے خود مائیکروسافٹ کے حصص کی قیمت میں بارہ فیصد کی کمی آ چکی ہے جس سے مائیکروسافٹ کو خدشہ ہو رہا ہے کہ شاید اس نے یاہُو کو بڑی پیشکش کر دی ہے

 

گرتے ہوئے حصص

گزشتہ دو سال سے یاہُو کے حصص کی قیمت چالیس ڈالر فی شیئر سے اوپر نہیں جا سکی ہے۔ اگرچہ مائیکروسافٹ کی جانب سے بولی لگائے جانے کے بعد سے یاہُو کے حصص کی قیمت میں تیزی سے کمی آئی ہے لیکن یاہُو کی ویب سائٹ اب بھی دنیا کے مقبول ترین سرچ انجنز میں سے ایک ہے۔

یاہُو کے حصص میں کمی ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب وہ گوگل کا مقابلہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے جو خود مائیکروسافٹ سے مقابلہ کر رہا ہے۔

بولی دینے کے بعد سے خود مائیکروسافٹ کے حصص کی قیمت میں بارہ فیصد کی کمی آ چکی ہے جس سے مائیکروسافٹ کو خدشہ ہو رہا ہے کہ شاید اس نے یاہُو کو بڑی پیشکش کر دی ہے اور اگر وہ یاہُو کو اتنی بڑی قیمت پر خریدتا ہے تو اس کا اصل کاروبار، یعنی نئے سوفٹ ویئرز بنانا، متاثر ہو سکتا ہے۔

خبررساں اداروں اور اخبارات کی اطلاعات اپنی جگہ لیکن مائیکروسافٹ اور یاہُو دونوں ان پر کسی قسم کا تبصرہ کرنے سےگریز کر رہے ہیں۔