ٹائمز آف پاکستان اردو سروس

ایڈیٹر فیصل ملک Urdu Times of Pakistan

Archive for the ‘پاکستان’ Category

مخلوط حکومت بنانے کا فیصلہ

اسلام آباد … اسلام آباد میں پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت کا اہم مشاورتی اجلاس ہوا،جس میں مرکز اور صوبوں میں مخلوط حکومت بنانے کا فیصلہ کیا گیا ۔اجلاس میں پارلے مانی قائدین کے ناموں کو بھی حتمی شکل دی گئی ۔ذرائع کے مطابق وزارت عظمیٰ کے لئے مخدوم امین فہیم جبکہ سندھ کے وزیر اعلیٰ کے لئے آغا سراج درانی کے نام پر اتفاق کیا گیا ۔اجلاس میں پارلیمانی لیڈر کی نامزدگی کے لئے آصف علی زرداری کو اختیار دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ۔اجلاس میں پیپلز پارٹی کے رہ نما مخدوم امین فہیم ،پارٹی سیکریٹری جنرل جہانگیر بدر ،سید یوسف رضا گیلانی اور دیگر رہنما بھی شریک تھے ۔اجلاس میں صوبائی حکومت کی تشکیل پر ارکان کو اعتماد میں لیا گیا اوربلوچستان اسمبلی میں پارٹی کے پارلیمانی لیڈر مقرر کرنے سمیت دیگر اہم امور پر غور کیا گیا ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ بے نظیر بھٹو کے قتل کی اقوام متحدہ سے تحقیقات کرانے کا مطالبہ ، نئی قومی اسمبلی کی پہلی قرار داد ہوگی ۔
بشکریہ: جنگ

  • 0 Comments
  • Filed under: پاکستان
  • پاکستان میں مقامی عسکریت پسندوں کی تنظیم نے حالیہ انتخابات میں کامیاب ہونے والی سیاسی جماعتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس راستے پر چلنے کی کوشش نہ کرے جس پر صدر پرویز مشرف اور انکی حامیوں نے چل کر الیکشن میں شکست کھائی بلکہ عوامی رائے کا احترام کریں اور اس کا حق ادا کیا جانا چاہیے۔

    تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان مولوی عمر نے اتوار کو کسی نامعلوم مقام سے بی بی سی کو ٹیلی فون پر بتایا کہ تحریک نے انتخابات سے قبل وزیرستان سے لے کر سوات تک غیر مشروط طورپر جنگ بندی کی تاکہ ملک میں انتخابی عمل پرامن ماحول میں مکمل ہوسکے۔

    ان کے مطابق سیاسی جماعتوں سے ان کی پہلے کبھی دشمنی تھی اور نہ اب ہے بلکہ اس کا ثبوت یہ ہے کہ ان کی تنظیم نے الیکشن سے پہلے غیر مشروط طورپر جنگ بندی کرکے ملک میں پرامن انتخابات کےلیے راہ ہموار کی تاکہ عوام بغیر کسی خوف وخطر کے انتخابی عمل میں حصہ لے سکیں۔

    ترجمان نے کہا کہ ’انتخابات میں صدر مشرف اور ان کی حامیوں کی شکست امریکہ اور ان کی پالسیوں کی شکست ہے جو طالبان کی قربانیوں کی وجہ سے ہوئی ہے۔‘

    مولوی عمر نے بتایا کہ عوام نے صدر مشرف اور امریکی پالیسوں کے خلاف جو رائے دی ہے، سیاسی جماعتوں کو اب چاہیے کہ وہ اس عوامی رائے کا احترام کریں اور ان پالسیوں اور غلطیوں کو نہ دہرائیں جو اس سے پہلے حکمران کرتے رہے ہیں۔

    ترجمان کے بقول طالبان اس ملک کے محب وطن شہری اور بغیر تنخواہ کے سپاہی ہے۔

    واضح رہے کہ اٹھارہ فروری دو ہزار اٹھ کے عام انتخابات سے قبل صوبہ سرحد کے چوبیس اضلاع میں سے اٹھارہ کو حساس قرار دیا جاچکا تھا۔ یہ خدشات عام تھے کہ انتخابات کے دن سرحد میں بڑے پیمانے پر تشدد کے واقعات رونما ہونگے لیکن غیر متوقع طورپر صوبہ میں الیکشن بڑے پرامن ماحول میں ہوئے اور کسی بھی علاقے میں کوئی بڑا واقعہ پیش نہیں آیا جب کہ اس کے برخلاف پنجاب اور سندھ میں تشدد کے واقعات زیادہ پیش آئے۔

    بشکریہ: بی بی سی اردو

  • 0 Comments
  • Filed under: پاکستان
  • پاکستان میں مقامی طالبان کی تنظیم نے ملک میں اٹھارہ فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں کسی قسم کے حملے اور مداخلت نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان مولوی عمر نے بدھ کو کسی نامعلوم مقام سے بی بی سی کو ٹیلی فون کرکے بتایا کہ تحریک کی طرف سے وزیرستان سے لیکر سوات تک جس جنگ بندی کا اعلان کیا گیا تھا وہ بدستور برقرار ہے۔

    انہوں نے کہا کہ فائربندی کے بعد سے ان کی طرف سے سیکیورٹی فورسز اور حکومتی اہلکاروں کے خلاف ہرقسم کے حملے بند کردیئے گئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کچھ روز قبل تحریک کے سربراہ بیت اللہ محسود کی سربراہی میں طالبان شوری کا ایک اہم اجلاس ہوا تھا جس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ پاکستان میں اٹھارہ فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں ان کی طرف سے کسی قسم کی مداخلت نہیں کی جائے گی۔

    ترجمان کے بقول ’ ہم نہ تو الیکشن کی مخالفت کرتے ہیں اور نہ ہی حمایت۔ ہم اس میں مکمل طورپر غیر جانب دار رہیں گے۔‘

    انہوں نے واضح کیا کہ انتخابات کے دن اگر کسی قسم کے تشدد کے واقعات رونما ہوتے ہیں تو ان سے مقامی طالبان کا کوئی تعلق نہیں ہوگا۔

    مولوی عمر نے اس الزام کی بھی سختی سے تردید کی کہ صوبہ سرحد اور قبائلی علاقوں میں انتخابی مہم کے دوران جاری تشدد میں مقامی عسکریت پسندوں کا ہاتھ ہے۔

    طالبان ترجمان نے الزام لگایا کہ انتخابی مہم میں جو تشدد ہورہا ہے اس کی وجہ حکومت کی قبائلی اور دیگر علاقوں میں ناکام پالیسیوں کا ردعمل ہوسکتا ہے۔

    واضح رہے کہ تقریباً دو ہفتے قبل تحریک طالبان پاکستان نے یک طرفہ طور پر وزیرستان سے سوات تک سیکیورٹی فورسز اور حکومتی اہلکاروں کے خلاف تمام تر کارروائیاں بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    طالبان ترجمان نے اس بات کی بھی سختی سے تردید کی تھی کہ جنگ بندی کا اعلان حکومت کے ساتھ خفیہ مذاکرات کے نتیجے میں ہورہا ہے۔

    بشکریہ: بی بی سی اردو

  • 0 Comments
  • Filed under: پاکستان